تازہ ترین

20 برس بعد وہی مقام۔ وہی مقابلہ۔ نتیجہ کیا ہوگا؟

Pakistan vs India 2019
  • واضح رہے
  • جون 15, 2019
  • 11:16 شام

ورلڈ کپ 1999 میں بھی پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مانچسٹر کے مقام پر آمنے سامنے آئی تھیں، جس میں روایتی حریف 47 رنز سے جیت گئی تھی۔

پاکستان کا ورلڈ کپ میں سب سے اہم میچ آج مقامی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے مانچسٹر کرکٹ اسٹیڈیم میں روایتی حریف بھارت سے ہوگا۔ پاک بھارت ٹاکرے کو دنیا بھر میں کروڑوں شائقین کرکٹ دیکھیں گے۔ میچ کے دوران بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے باعث پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم کو مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ دونوں ٹیموں کے کپتان ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کو ترجیح دیں گے۔ تاہم گرین شرٹس پر یہ نفسیاتی دباؤ ہے کہ پاکستان نے بھارت کیخلاف 5 ورلڈ کپ میچز ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہارے ہیں۔

ورلڈ کپ میچز میں پاکستان اب تک بھارت کیخلاف کوئی میچ نہیں جیت سکا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ورلڈ کپ میں 6 میچز کھیلے گئے اور تمام میں بھارت نے فتح حاصل کی۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 20 برس قبل بھی اُسی مقام (مانچسٹر)، اُسی مقابلہ (ورلڈ کپ) اور اسی مہینہ (جون) میں ایک دوسرے سے ٹکرائی تھیں، جہاں کل 16 جون بروز اتوار کو دونوں ٹیموں کا آمنا سامنا ہوگا۔ ورلڈ کپ 1999 میں مانچسٹر کرکٹ اسٹیڈیم میں بھارت کے 228 رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 180 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔ اس اسٹیڈیم میں پاکستانی ٹیم کا ٹریک ریکارڈ کچھ خاص نہیں ہے۔ یہاں پاکستان نے مجموعی طور 8 میچز کھیلے ہیں، جس میں پاکستان صرف دو ہی میچز میں کامیابی حاصل کرسکا ہے۔

واضح رہے کہ اولڈ ٹریفورڈ، ماسنٹر کرکٹ اسٹیڈیم میں اب تک 46 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں۔ جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دنیا کے مختلف میدانوں میں کھیلے جانے والے ون ڈے میچز، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میچز اور مختلف ٹورنامنٹس کے فائنل میں جیت کے حوالے سے پاکستان کا پلڑا بھاری رہا ہے۔ تاہم ورلڈ کپ، ایشیا کپ میچز اور انگلینڈ کی سرزمین پر کھیلے گئے مقابلوں میں بھارتی ٹیم کا پلڑا بھاری ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر 131 ون ڈے میچز کھیلے گئے ہیں، جن میں سے پاکستان کی ٹیم نے 73 میچز جیتے اور بھارتی ٹیم 54 میں کامیابی حاصل کرسکی۔ جبکہ چار میچ بے نتیجہ ختم ہوئے۔ انگلش سرزمین پر پاکستان اور بھارت کے درمیان اب تک پانچ ون ڈے میچز کھیلے گئے ہیں، جن میں سے دو میں پاکستان نے فتح حاصل کی۔ جبکہ تین میچز بھارت کے حصے میں آئے۔

عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق اولڈ ٹریفورڈ برطانیہ کا واحد اسٹیڈیم ہے جہاں کی پچ ہمیشہ ناقابل پیش گوئی رہی ہے۔ یہاں کے موسم کے حساب سے پچ کی فارمیشن تبدیل ہوتی ہے۔ کل اگر سورج نکل آیا تو پچ پر باﺅنس ملے گا۔ جبکہ نمی زیادہ ہونے سے گیند لو باﺅنس اور اسپنرز کو ٹرن کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔ اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم کی پچ کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیموں کو دس بار کامیابی اور 18 بار ناکامی ہوئی۔ جبکہ ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کرنے والی ٹیموں کو 9 مرتبہ کامیابی اور 8 مرتبہ ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ اس اسٹیڈیم میں بڑا اسکور 318 رنز رہا اور 300 کا ہندسہ اس مقام پر صرف تین بار ہی عبور ہو سکا ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ کل پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم نے 300 سے زائد رنز کا مجموعہ ترتیب دیدیا تو اس کی جیت کے امکانات 60 فیصد ہوں گے۔

2019 ورلڈ کپ میں پوائنٹس کے حساب سے بھارت کی ٹیم چوتھے اور پاکستان کی ٹیم 8 ویں نمبر پر ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر پاکستان یہ میچ ہار جاتا ہے تو سُپر فور مرحلے تک رسائی مشکل ہو جائے گی۔ لہٰذا ورلڈ کپ میں اپنی موجودگی برقرار رکھنے کیلئے سرفراز الیون کو بھارت کیخلاف لازمی فتح حاصل کرنی ہوگی۔ دوسری جانب بھارتی بکیوں کو 100 فیصد یقین ہے کہ آج کا میچ ہوا تو اس میں بھارت کی جیت کے امکانات 90 فیصد ہیں۔ اس لئے اس ٹیم کے ریٹ 50 پیسہ مقرر کئے گئے ہیں۔ یعنی 1000 روپے لگانے والے جواری کو 1500 روپے حاصل ہوں گے۔ اسی طرح پاکستانی ٹیم کے ریٹ 2 روپے رکھے گئے ہیں۔ اس پر پیسہ لگانے والوں کو ایک ہزار روپے پر دگنی رقم ملے گی۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے