اسلام آباد میں وزیرِ اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جہاں اسٹیل ملز، کورونا وائرس کی صورت حال، پیٹرول بحران اور دیگر معاملات پر بریفنگ دی گئی اور فیصلے کیے گئے۔
وزیر اعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 3 جون 2020 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔ وفاقی کابینہ نے اسٹیل ملز کے حوالے سے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلے پر تفصیلی غور کیا اور نوٹ کیا کہ موجودہ حکومت کا ایجنڈا اصلاحات کا ہے۔
پاکستان اسٹیل ملز کے حوالے سے کابینہ نے کہا کہ سالہا سال سے غیر فعال ادارے کا سارا بوجھ عوام کو برداشت کرنا پڑتا ہے لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ملکی مفاد میں اصلاحاتی ایجنڈے کو مزید آگے بڑھا یا جائے۔
خیال رہے کہ ای سی سی نے 3 جون کو پاکستان اسٹیل مل کے 9 ہزار 350 ملازمین (100فیصد) کو برطرف کرنے کی منظوری دی تھی۔
مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی سربراہی میں ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کہا گیا تھا کہ حالیہ فیصلے کے نتیجے میں حکومت اسٹیل ملز کے 100 فیصد ملازمین کو فارغ کردے گی جن کی تعداد 9 ہزار 350 ہے، کُل تعداد میں سے صرف 250 ملازمین کو اس منصوبے پر عمل درآمد اور ضروری کام کی انجام دہی کی خاطر 120 روز کے لیے برقرار رکھا جائے گا۔