لیکن یہ تو شاید کسی کے خواب میں بھی نہیں ہو گا کہ 92 ہجری (711 عیسوی) میں رمضان کی دس تاریخ کو عرب جرنیل محمد بن قاسم کے ہاتھوں دیبل کے مقام پر شکست کھانے والے سندھ کے حکمراں راجہ داہر اپنی موت کے 1300 سال گزرنے کے بعد ٹوئٹر پر ٹرینڈ کریں گے۔
جب گھڑی نے بارہ بجائے اور چار مئی کی تاریخ کا آغاز ہوا تو پاکستانی ٹوئٹر پر ایک ہیش ٹیگ ٹرینڈ شروع ہوا جو کہ اگلے کئی گھنٹوں سر فہرست رہنے والے ٹرینڈز میں شامل رہا۔ وہ تھا #RajaDahirIsNationalHero۔
سرمد لغاری نامی صارف کی جانب سے کی گئی ٹویٹ میں یہ ہیش ٹیگ سب سے پہلے استعمال ہوا جس میں لکھا تھا کہ 'دوستوں، کل کے لیے تیار ہو جاؤ اور انھیں بتا دو کہ راجہ داہر ہمارا قومی ہیرو ہے نہ کہ محمد بن قاسم۔