تازہ ترین

شدید گرمی۔ ارسلان ویلفیئر ٹرسٹ نے سندھ کے گوٹھوں میں ہینڈ پمپ لگانے کا بیڑا اٹھالیا

  • واضح رہے
  • مئی 29, 2020
  • 3:36 شام

اس نیک کام کیلئے فنڈز دینے والے مخیر حضرات کی تسلی اور تنصیب کے عمل کو شفاف بنانے کیلئے ہر، ہر ہینڈ پمپ کی ویڈیو بھی بنائی جائے گی

فلاحی کاموں میں پیش پیش ارسلان ہیلپ لائن ویلفیئر ٹرسٹ شدید گرمی سے بے حال دیہی سندھ کے باشندوں کیلئے مسیحا بن گیا۔ ٹرسٹ نے پانی کے مسائل سے دوچار سندھ کے گاؤں دیہات اور گوٹھوں میں ہینڈ پمپ لگنے کا بیڑا اٹھا لیا ہے۔ اس سلسلے میں ٹرسٹ کو اندرون سندھ سے کئی کالز بھی موصول ہوئی ہیں، جس کے نتیجے میں واٹر ہینڈ پمپ کی تنصیب کا کام شروع کیا جا رہا ہے۔

ارسلان ہیلپ لائن ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین حبیب جعفری نے کہا ہے کہ دیہی سندھ میں ایسے بہت سے گاؤں دیہات اور گوٹھ ہیں جہاں کے باسی اس سخت گرمی کے موسم میں پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں اور بہت سے ایسے علاقے ہیں جہاں پر لوگ دور دراز سے پانی بھر کر لاتے ہیں۔ یہ لوگ غربت کی وجہ سے ہینڈ پمپ نہیں لگا سکتے۔

انہوں نے کہا کہ میری گزارش ہے کہ ہماری آواز کو ان لوگوں تک پہنچایا جائے جو اس وقت پانی نہ ہونے کی وجہ سے شدید پریشان ہیں، تاکہ وہ ہم سے رابطہ کر سکیں اور ہم ان کیلئے ہینڈ پمپ لگانے کا انتظام کر سکیں۔ اس نیک کام میں ہم سب کو اپنا حصہ ڈالنا چاہئے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ اپنے تئیں بھی پورے سندھ میں ایسے علاقوں کی تلاش کی جائے جہاں پانی کی قلت ہے۔

حبیب جعفری نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ اس کار خیر میں اپنا حصہ بٹائیں۔ یہ صدقہ جاریہ ہے۔ لوگوں کو پانی پلانے کی یہ نیکی اُن کے مرحومین خصوصاً والدین کو تمام عمر ثواب بھیجتے رہنے کا بھی ذریعہ بنی رہے گی۔ ہم چاہتے ہیں کہ جلد از جلد ہینڈ پمپ لگانے کا سلسلہ شروع کر دیا جائے، کیونکہ گرمی کے موسم میں سندھ کے دیہی باشندوں کو پانی کی بے حد ضرورت ہے۔ اس عمل کو شفاف بنانے کیلئے فنڈز دینے والے افراد کو ہینڈ پمپ کی تنصیب کی ویڈیو بھی بھیجی جائے گی اور اگر وہ چاہیں گے تو اس پر ان کے پیاروں کے نام کی تختی بھی لگائی جائے گی۔

ارسلان ہیلپ لائن ویلفیئر ٹرسٹ کی اس نیک کاوش میں ان کا ساتھ دینے کیلئے آپ اس نمبر 03314721109 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ان دنوں سندھ کے کئی اضلاع میں درجہ حرارات 40 ڈگری سے زائد ریکارڈ کیا جا رہا ہے اور گاؤں دیہات اور گوٹھوں میں لوگوں کو قلت آب کے باعث مشکلات کا سامنا ہے

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے