تازہ ترین

’’سارے پاکستان میں ملک ریاض جیسی مافیا سرگرم ہے‘‘

malik-riaz-1
  • واضح رہے
  • دسمبر 13, 2019
  • 11:56 شام

سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس (ر) وجیہ الدین نے مطالبہ کیا ہے کہ ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیس طرز پر 1947 سے اب تک غیرقانونی تفویض اراضی واگزار ہونی چاہئیے

عام لوگ اتحاد کے چیئرمین جسٹس (ر) وجیہ الدین نے مطالبہ کیا ہے کہ ملک ریاض کیس طرز پر 1947 سے اب تک غیر قانونی طور پر تفویض اراضی واگزار کرائی جانی چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ سارے پاکستان میں ملک ریاض جیسی مافیا سرگرم عمل ہے۔ اگر ان سے کوئی وصولیابی ہوتی ہے جیسے ملک ریاض سے حال ہی میں ہوئی، تو اس کے مضمرات کو صیفہ راز میں رکھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا اب وقت آگیا ہے کہ سپریم کورٹ اس طرح کی بندر بانٹ کا از خود نوٹس لے۔ 72 برس میں حکمراں ملکی زمین/ اراضی کو قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سیاسی بنیادوں اور من مانے انداز میں تقسیم کرتے آئے ہیں، جو قطعاً غیر قانونی اور ناجائز ہے۔ سپریم کورٹ نے جس طرح ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی زمین واگزار کرانے کی کارروائی کی اسی طریقے سے پورے پاکستان میں ذاتی پسند کی بنیاد پر الاٹ کی گئی اراضی واگزار ہونی چاہیئے۔

justice wajiuddin

اگر یہ کام ہوگیا تو ملک میں اتنا اثاثہ اکٹھا ہوجائے گا کہ اس سے نہ صرف حکومتیں چلیں گی بلکہ ترقیاتی کام بھی ہوں گے۔ چیئرمین عام لوگ اتحاد کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف، شہباز شریف اور زرداری جیسے دیگر کرداروں کیلئے انصاف کا معیار کچھ اور ملک ریاض کیلئے کچھ اور ہے۔

واضح رہے کہ جسٹس (ر) وجیہ الدین احمد نے گزشتہ دنوں اپنے ایک ٹوئٹ میں ’’اریسٹ ملک ریاض‘‘ کا ہیش ٹیگ بھی اپ لوڈ کیا تھا، جو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر خاصا مقبول رہا۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے