مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکریٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پنجاب میں مہنگی چینی فروخت ہونے کا ذمہ وزیراعلیٰ پنجاب کو قرار دےتے ہوئے کہا کہ میاں اسلم اقبال اور سابق وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری بھی اس جرم میں برابر کے شریک ہیں۔ چینی انکوائری کمیشن میاں اسلم اقبال اور سمیع اللہ چوہدری کو بھی انکوائری کےلئے طلب کریں۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چینی مہنگی فروخت کرکے پنجاب کے عوام کی جیبوں پر 100ارب کا ڈاکہ ڈالا گیا ہے۔ عثمان بزدار، میاں اسلم اقبال اورسمیع اللہ چوہدری ایک دوسرے کو شیلٹر دے رہے ہیں۔ چینی اور آٹے کی چوری عمران اور بزدار حکومت کے خاتمے کا باعث بنے گی۔
عہدوں کے پیچھے چھپنے والے احتساب کا سامنا کرنے کی جرات پیدا کریں۔
مسلم لیگ(ن) تین سالوں سے جعلی اور انتقامی احتساب کا مقابلہ کر رہی ہے۔ نوازشریف، مریم نواز، شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے تین سالوں میں سینکڑوں پیشیاں بھگتی ہیں۔ پاکستان کی کوئی عدالت مسلم لیگ (ن) کی لیڈر شپ پر ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کرسکی۔ عمران خان دلیر وزیراعظم بنیں اور چینی انکوائری کمیشن میں پیش ہوں۔ عمران صاحب آپ نے قوم سے وعدہ کیا تھا احتساب کا عمل خود سے شروع کروں گا۔ اب آپ کے احتساب کا وقت آچکا ہے۔