میاں چنوں (واضح رہے)پنجاب ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن میاں چنوں ضلع خانیوال کے صدر قیصرندیم عظمت نے کہا کہ رواں مالی بجٹ میں اساتذہ کرام کی تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے تا کہ اس ہوش ربا مہنگائی میں وہ بنیادی ضروریات زندگی کے حصول کے ساتھ اپنے خاندان کی کفالت کر سکیں، یہ بات انہوں نے پی ای اے کے ایک اجلاس کے دوران کہی انہوں نے مزید کہا کہ معیار تعلیم کی بہتری کے لیے اس بجٹ میں تمام مہنگائی الاؤنسز ضم کر کے سکیل نمبر 1 تا 22 تک کو فی صد کی شرح سے دینے کے بجائے یہ الاؤنسز روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی کے تناسب سے متعین کیے جائیں۔
سید اسرار حسین گردیزی چیئرمین پنجاب ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن خانیوال نے کہا کہ چادر اور چار دیواری کے تقدس کیلئے مردانہ سکولوں میں تعینات خواتین اساتذہ کوعنقریب ہونے والے تبادلہ جات کے دوران فوری طور پر قریبی گرلز سکولوں میں شفٹ کیا جائے اور آئندہ خواتین کی تعیناتی صرف گرلز سکولوں میں ہی کی جائے، انہوں نے مزید کہا کہ اساتذہ کے تبادلے ایس ٹی آر کے بغیر کیے جائیں تا کہ سب کو ذہنی آسودگی کے ساتھ گھروں کے قریب سکولوں میں پڑھانے کا موقع مل سکے۔
وحید احمد میڈیا سیکریٹری پنجاب ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ پرائمری،مڈل،ہائی اور ہائیر سیکنڈری سکولوں میں اعلیٰ تعلیمی و پیشہ ورانہ قابلیت کے حامل اساتذہ کو لیکچرار اور سبجیکٹ سپیشلسٹ کی طرح سکیل 17 دیا جائے، اس کے ساتھ ساتھ مستقبل میں اساتذہ کی بھرتی مستقل بنیادوں پر کی جائے اور پہلے سے بھرتی اساتذہ کو تاریخ تقرری سے مستقل کیا جائے۔
اسد یار خان صدر پی ای اے مرکز محسن وا ل نے چیئر مین الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ اساتذہ کو الیکشن سے متعلقہ کام کرنے کے معاوضہ جات فوری طور پر ادا کیے جائیں جبکہ چیئرمین پنجاب ایگزامینیشن کمیشن اس بات کا نوٹس لیں کہ جماعت ہشتم کی نگرانی اور مارکنگ کے معاوضہ جات فوراََ اساتذہ کو ادا کیے جائیں اور نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء کو وظائف سے بھی نوازا جائے۔ میٹنگ کا اختتام اللہ تعالیٰ سے کرونا کی عالمی وبا کے خاتمے اور ملک پاکستان کی سلامتی کی دعاؤں پر ہوا۔