تازہ ترین

پی ٹی آئی رکن پنجاب اسمبلی نے 37 ایکڑ زمین ہتھیالی

naeem ibrahim PTI
  • واضح رہے
  • دسمبر 15, 2019
  • 11:12 شام

تقریباً ساڑھے 9 کروڑ مالیت اراضی کے اصل مالک نے قبضہ چُھڑانے کیلئے حکومت میں اعلیٰ سطح پر اپنی شکایت پہنچائی ہے۔ لیکن حکام نعیم ابراہیم کے آگے بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں

عارف والا سے پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی نعیم ابراہیم نے ایک شہری کی بیرون ملک موجودگی کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے اس کی 37 ایکڑ زمین ہتھیالی۔ سمندر پار پاکستانی محمد اشرف جو کہ زمین کے اصل مالک ہیں، نے قبضہ ختم کرانے کی بھرپور کوشش کی۔ لیکن علاقے میں رکن صوبائی اسمبلی نعیم کی بدمعاشی اور اثرو رسوخ کے باعث انہیں مسلسل ناکامی کا سامنا ہے۔

اس ضمن میں سالہا سال سے کورٹ میں بھی کیس زیر التوا ہے۔ جبکہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور بھی یقین دہانیوں کے باوجود زمین تاحال واگزار نہیں کراسکے ہیں۔

قبضہ مافیا نعیم کی جانب سے محمد اشرف کو کہا گیا ہے کہ 60 لاکھ روپے کے عوض ان کی زمین واپس کی جاسکتی ہے، لیکن اگر رقم ادا نہ کی تو چاہے وہ وزیر اعظم سے سفارش کرالیں زمین نہیں ملے گی۔ لندن سے "واضح رہے" سے گفتگو کرتے ہوئے محمد اشرف نے بتایا کہ اس بار بھتہ نہیں دوں گا، کیونکہ پہلے بھی پیسے دے چکا ہوں۔ لیکن زمین واپس نہیں ملی۔

اس حوالے سے متاثرہ شہری نے حال ہی میں اوورسیز پاکستانیوں کیلئے بننے والی تنظیم "انصاف فار یو" سے مدد طلب کی ہے اور بتایا ہے کہ حکمراں جماعت کا ایم پی اے عارف والا میں ان کی زمین پر قبضہ کئے بیٹھا ہے۔

عارف والا سے ذرائع نے تصدیق کرتے ہوئے "واضح رہے" کو بتایا ہے کہ پی ٹی آئی کا ایم پی اے جس زمین پر قابض ہے اس کی مالیت تقریباً ساڑھے 9 کروڑ روپے بنتی ہے۔ نعیم نے زمین کے جعلی اسٹمپ پیپر بھی بنا رکھے ہیں۔

واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے اب تک اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے جو سیل بنائے گئے ہیں وہ غیر موثر ہیں، بلکہ یہ کام ہی نہیں کر رہے اور غیر فعال ہیں۔

واضح رہے

اردو زبان کی قابل اعتماد ویب سائٹ ’’واضح رہے‘‘ سنسنی پھیلانے کے بجائے پکّی خبر دینے کے فلسفے پر قائم کی گئی ہے۔ ویب سائٹ پر قومی اور بین الاقوامی حالات حاضرہ عوامی دلچسپی کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کئے جاتے ہیں۔

واضح رہے