تازہ ترین

کراچی پولیس نے اسٹاک مارکیٹ پر تخریب کاری ناکام بنادی

WhatsApp Image 2020-06-29 at 11.51.58 PM
  • ابوبکر امانت
  • جون 29, 2020
  • 11:52 شام

دہشت گردانہ حملے میں 4 حملہ آور ہلاک کر دیئے گئے، جبکہ دستی بم دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے یں متعدد شہری شہید ہوئے

سیکورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کی عمارت پر حملے کی کوشش کرنے والے چاروں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور 2 سیکیورٹی گارڈ شہید ہوئے۔

اسٹاک ایکسچینج میں صبح کاروبار کے آغاز کے وقت بڑی تعداد میں لوگوں کی آمد و رفت جاری تھی جب 10 بجے سے کچھ دیر قبل دہشت گردوں نے اندر داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے فائرنگ کی اور داخلی دروازے پر دستی بم حملہ بھی کیا۔

پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ اور دستی بم حملے میں ایک سب انسپکٹر اور 2 سیکیورٹی گارڈ شہید ہوئے اس کے علاوہ 3 پولیس اہلکار سمیت 7 افراد زخمی بھی ہوئے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے جدید ہتھیار، دستی بم اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا جبکہ سیکیورٹی فورسز نے پی ایس ایکس کے باہر موجود مشتبہ کار کا بھی معائنہ کیا۔

امریکی خبررساں ادارے ایسوس ایٹڈ پریس (اے پی) کی رپورٹ کے مطابق جائے وقوع پر موجود رضوان احمد نامی ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ مسلح حملہ آوروں کی لاشوں کے پاس سے برآمد ہونے والے سامان سے کھانے پینے کی اشیا بھی برآمد ہوئیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کا دیر تک محاصرہ کرنے کا ارادہ تھا لیکن پولیس نے ان کی کوشش ناکام بنادی۔

خیال رہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی عمارت کراچی کا معاشی حب سمجھے جانے والے علاقے میں آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع ہے، اس کے ساتھ ہی پولیس ہیڈ کوارٹرز، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے علاوہ متعدد کاروباری دفاتر، بینکس اور میڈیا ہاؤسز کے دفاتر ہیں جبکہ سندھ رینجرز کا مرکزی دفتر بھی اس جگہ سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

اسٹاک ایکسچینج کے اندر موجود ایک بروکر یعقوب میمن نے اے پی کو بتایا کہ جب حملہ ہوا تو وہ اور دیگر افراد اپنے دفاتر میں چھپ گئے۔

ابوبکر امانت

ایڈیٹر ’’واضح رہے‘‘ اینڈ ’’سوشل میڈیا مارکیٹر‘‘

ابوبکر امانت