سول ایوی ایشن کے ترجمان کے مطابق یہ ایئر بس اے 320 طیارہ ملک کی قومی ایئر لائن پی آئی اے کا تھا اور لاہور سے کراچی آ رہا تھا کہ لینڈنگ سے قبل حادثے کا شکار ہو گیا۔
پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بظاہر طیارے کا لینڈنگ گیئر نہیں کھل سکا اور وہ اوپر اٹھتے ہوئے حادثے کا شکار ہوا لیکن حادثے کی حتمی وجہ تحقیقات کے بعد ہی سامنے آ سکے گی۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ پی آئی اے کی یہ پرواز پی کے 8303 دوپہر ایک بجے لاہور سے روانہ ہوئی تھی۔
حکام کے مطابق طیارے پر 99 افراد سوار تھے جن میں عملے کے آٹھ ارکان اور 91 مسافر شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق طیارہ ماڈل کالونی کے قریب جناح گارڈن نامی آبادی پر گرا اور اس حادثے میں متعدد مکانات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔